بنوں، افغان خودکش بمبارنےخودکو دھماکےسے اڑا دیا، متعدد پاکستانی شہری شہیدیازخمی

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر افغان خودکش بمبارکا حملہ، 2 شہری شہید،3 اہلکاروں سمیت 10 زخمی
تسکین نیوز نے مقامی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صوبہ خیبرپختون خواہ کے علاقے بنوں میں ایک اور افغان خودکش بمبار پھٹ گیا جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانی شہری خاک وخوں میں غلطاں ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایک موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے 26 نومبر کو ضلع بنوں کے عام علاقے بکہ خیل میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کرتے ہوئے خود کو دھماکے سے اڑایا۔
تفصیلات کے مطابق خودکش حملہ آور حافظ گل بہادر گروپ سے وابستہ تھا اور بعد میں اس کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خودکش حملے کے نتیجے میں 2 بے گناہ شہریوں نے جام شہادت نوش کیا، اس کے علاوہ 7 عام شہری اور پاک فوج کے 3 جوان زخمی بھی ہوئے۔
ڈان نیوز کے مطابق اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 الگ الگ واقعات میں پاک فوج کے 3 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں متعدد افغان دہشت گرد ملوث پائے گئے ہیں۔ حکومت پاکستان نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیش نظرافغانستان سمیت دنیا بھرکے غیرقانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جسے عوامی سطح پرسراہا جارہا ہے۔