پاکستان فلسطینیوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، دفترخارجہ

دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت اور عوام فلسطینیوں کی منصفانہ جدوجہد کے حامی رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان 1988میں فلسطین کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل ہے۔
تسکین نیوز: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ”مسلہ فلسطین“ پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین حکومت کی ترجیح اورہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے۔یہ مسئلہ انسانی حقوق کے تناظر میں انتہائی اہم ہے۔
نجی ٹی وی 92نیوز کے مطابق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فلسطینی عوام کے لئے غیر متزلزل حمایت اتنی ہی پرانی ہے جتنا پرانا یہ ملک ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے تمام عالمی فورمز اور او آئی سی پر فلسطین سے متعلقہ قراردادوں کی حمایت کی ہے،مسئلہ فلسطین ہی اسلامی سربراہی کانفرنس کے جنم کا باعث بنا ہے۔
ہم عالمی قوانین کے تحت ”حق خودارادیت“ پر اصولی موقف رکھتے ہیں۔مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت تحفظات ہیں۔