ضلع غذر؛ ۷۰ سالہ شخص ۹سالہ بچی سے جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار

گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی وادی پنیال کے شیرکلہ نامی گاؤں میں ایک 70 سالہ شخص کو ۹ سالہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
تسکین نیوز: مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ 70 سالہ شخص نے 9 سالہ بچی کو متعدد بار ریپ کا نشانہ بنایا، پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچی کے چچا کی مدعیت میں غذر کے سنگول پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق بچی کچھ دنوں سے ٹانگوں میں درد کی وجہ سے اسکول جانے سے انکار کر رہی تھی، بعد ازاں بچی نے انکشاف کیا کہ جب وہ اسکول جارہی تھی تو گاؤں کے ایک رہائشی نے اسے جنسی استحصال کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ بچی کے چچا کے مطابق بچی جب بھی اسکول جاتی تو 70 سالہ شخص گزشتہ ایک ماہ سے بچی کو اپنے گھر لے جاتا رہا، ملزم نے متاثرہ بچی کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو وہ اسے قتل کردےگا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376 (ریپ کی سزا ) اور 377 (بی) (کم عمر بچوں کے ساتھ زبردستی جنسی سرگرمیاں) کے تحت ایف آئی آر درج کرلی ہے۔