40 سال سے زائدعمر کے شہریوں کی کورونا ویکسینیشن کا آغاز

پاکستان میں آج سے 40سال سے زائدعمرکے شہریوں کی کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہورہا ہے
تسکین نیوزنے مقامی ذرائع کے حوالےسے خبر دی ہے کہ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پاکستان میں آج سے 40سال سے زائدعمرکے شہریوں کی کورونا ویکسینیشن کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 40سال سےزائدعمرکے شہریوں کی ویکسین شروع ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ہمارا ہدف 7کروڑ لوگوں کو ویکسین لگانے کا ہے اور ویکسینیشن کاعمل مربوط حکمت عملی کیساتھ شروع کیاہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ویکسین بنانےوالی کمپنی سے گزشتہ سال سے بات چیت چل رہی تھی، اب تک 3کروڑ ڈوزز کی ڈیل سائن کرچکے ہیں، 100 ملین کے قریب افراد کو ویکسین لگ سکتی ہے، باقی 18سال سے کم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین بنانےوالی عالمی کمپنیوں کو بھی مشکلات کاسامناہے، دنیاکےامیرترین ممالک کو بھی اپنی ویکسینیشن ڈرائیو کو سلو کرنا پڑا ہے، سنگل ڈوز چینی ویکسین کین سائنو کی فلنگ پاکستان میں شروع ہونیوالی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا 7کروڑ لوگوں کو اس سال ویکسین لگانے کا ہدف ہے، ویکسین خریدنے اور لگانے کی حکمت عملی اب تک کامیاب رہی ہے، جون تک ہم 19ملین ڈوزز حاصل کرلیں گے۔
ڈاکٹرفیصل نے مزید کہا کہ ویکسین بنانےوالے بہت سے ممالک نےایکسپورٹ پر پابندی لگا رکھی ہے، یہ کہنا بےبنیاد ہے کہ حکومت ویکسین صرف عطیات کی مد میں لےرہی ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ویکسین بہت اہم ہے مگر وبا میں رکاوٹ ایس اوپیز پرعملدرآمد سے ہے، پاکستان میں ابتک 25لاکھ لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔