یوم علی علیہ السلام کے جلوس پر پابندی لگانے کا فیصلہ
حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ہر طرح کے جلوس پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تسکین نیوز نے این سی او سی کے حوالےسے خبر دی ہے کہ ملک بھر اور خاص طور پر بڑے شہری مراکز میں کوویڈ کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ہر طرح کے جلوس پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ این سی او سی میں یوم علی علیہ السلام کے انعقاد سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اورقومی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے کی۔
وزیرداخلہ شیخ رشید، وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، جب کہ صوبائی سیکرٹریزاور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
مجالس کے انعقاد کی اجازت سخت کوویڈ ایس او پیز کے تحت ہوگی، فورم نے فیصلوں پرعمل درآمد کے لئے صوبائی اور ضلعی سطح پر مذہبی اسکالرز اور کمیونٹی رہنماوٴں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری طرف مجلس وحدت مسلمین نے جلوس پر پابندی کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے، تاہم حتمی فیصلہ کل ہوگا۔