دنیا میں شیعہ سنی فسادات کروانے کی کوشش کی جارہی ہے، وزیراعظم
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بعض قوتیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں شیعہ سنی فسادات کروانے کی کوششیں کررہی ہیں۔
تسکین نیوز کے مطابق، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں نے آگاہ کیا تھا کہ بھارت فرقہ وارانہ فسادات پھیلانا چاہتا ہے۔
عمران خان نے مچھ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ بڑی گیم کا حصہ ہے،دہشت گردی کرنے والے لوگوں کی تعداد 35 سے 40 ہے،ہم فرقہ وارانہ فساد پھیلانے والوں کے پیچھے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کوئٹہ میں سانحہ مچھ کے لواحقین سے بات چیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ ہم ہزارہ برادری کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے
انہوں نے کہا کہ ہم نے شہدا کے لواحقین سے جو وعدے کئیے ہیں وہ پورے کریں گے۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ جب لوگ امام بارگاہ میں آنے سے ڈرتے تھے میں تب بھی ہزار ہ برادری کے پاس آیاتھا۔
انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے دہشت گردی کے واقعات سے آگاہ ہوں،کراچی میں ایک سنی عالم کو قتل کیا گیا،جب ایک فرقہ پرست تنظیم کا نام لیکر تنقید کی تو مجھے قتل کی دھمکیاں دی گئیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم سیکیورٹی فورسز کا ایک سیل بنارہے ہیں جو آپ کو مکمل پروٹیکشن دے گا،ہم شہدا کے لواحقین اور پوری ہزارہ کمیونٹی کو اعتماد دلانا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا تھا کہ ایک عام شخص اور وزیراعظم کے معاملات میں فرق ہوتا ہے،میں نے اسی وجہ سے کہا تھا کہ آپ شہدا کی تدفین کریں میں آپ کے پاس آجاو گا۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک ایک چیز دیکھ رہا تھا اور وفاقی وزرا سے مسلسل رابطے میں تھا،شکریہ کہ آپ نے ہماری بات مانی۔
ساری قوم ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے،میری حکومت اور صوبائی حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے،دنیا میں شیعہ سنی فساد کروانے کی کوشش کی جارہی ہے،ہم نے ایران اور سعودی عرب کے معاملات کو بھی ٹھیک کروانے کی کوشش کی.