علامه محمد ابراهیم محسنی کی پہلی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی
پاکستان کے علاقے روندو سے تعلق رکھنے والے حوزہ علمیہ مشہد مقدس کے مایہ ناز عالم دین علامه محمد ابراهیم محسنی کی پہلی برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی
تسکین نیوز کی رپورٹ کے مطابق محسن ملت علامه محمد ابراهیم محسنی کی پہلی برسی ان کے آبائی گاوں ملیار کی جامع مسجد اور ایران کے شہر مشہد مقدس میں بلتستانی امام بارگاہ میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی۔
مشہد مقدس میں پاکستان طلاب کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
ادھر مرحوم کے آبائی گاوں ملیار کی جامع مسجد میں ’’آئی ایس او‘‘ ملیار یونٹ کی جانب سے علامہ محمد ابراہیم محسنی اور دیگر شہدا اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے مجلس کا اہتمام کیا گیا۔
خیال رہے کہ علامہ محمد ابراہیم محسنی کا شمار حوزہ علمیہ مشہد کے پاکستانی اہم شخصیات میں ہوتا تھا۔ آپ کا تعلق گلگت بلتستان کا علاقہ روندو، ملیار تلوبروق سے تھا جہاں سے اپنے علمی سفر کا آغاز کیا۔
محسنی، قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی اور قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت کے دوران مشہد مقدس میں تحریک جعفریہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری کے فرائض انجام دیتے رہے۔
تبلیغ، تدریس کے ساتھ ساتھ مشہد مقدس میں اردو زبان طلاب کی علمی مشکلات کے پیش نظر مدرسہ آیت اللہ خوئی میں شعبہ اردو زبان کی تاسیس میں پیش پیش رہے اور اپنی عمر کے آخری لمحات تک کےدرس و تدریس اور طلاب علوم دینی کی تربیت میں کوشاں رہے۔
علمی خدمات میں سے اہم خدمت علامہ افتخار نقوی کی زیرسرپرستی ایک گروپ کی شکل میں احوال شخصیہ شیعیان پاکستان کے قانون کی تدوین کرنا ہے جو تین جلدوں میں چھپ کر منظر عام پر آگیا۔