ایران سعودی تعلقات میں گرمجوشی؛ بن فرحان تہران کا دورہ کریں گے
عالمی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان، چین اور عراق نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان کئی سالوں کی سردمہری دورکرنے میں اہم کردار ادا کیا جس کے بعد اب دونوں ملکوں کے تعلقات بحال ہورہے ہیں۔
تسکین نیوز کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ بن فرحان اگلے ہفتے کے آغاز میں تہران کا دورہ کریں گے۔
اخبار رأی الیوم نے خبر دی ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان ایرانی صدر سمیت اعلی قیادت سے بات چیت کریں گے۔
رائے الیوم کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ اس دورے میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے صدر ایران ابراہیم رئیسی کے لیے ایک پیغام لائیں گے۔
خیال رہے کہ کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے جمعہ کی شام ایک دوسرے سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات میں اچھی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے دونوں ممالک کے سفیروں کا باہمی طور پر تقرر اور سفارتخانے اور قونصل خانے کھولنے کے لیے حالات فراہم ہو گئے ہیں۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ برکس تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے جنوبی افریقہ میں ہیں۔