امریکیوں کی رہائی کے لیے ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا، امریکا

امریکی اور برطانوی دفتر خارجہ نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان ڈیل کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
تسکین نیوز نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایرانی ذرائع ابلاغ کی جانب سے نشر ہونے والی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ڈیل ہوچکی ہے۔
اس خبر کی بھی تردید کی گئی کہ امریکیوں نے ایران میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار 4 امریکیوں کی رہائی کے بدلے تہران کے منجمد کیے گئے 7 ارب ڈالر جاری کرنے کی حامی بھرلی ہے۔
گزشتہ روز ایرانی بعض ذرائع نے رپورٹ جاری کی تھی جس میں برطانیہ کے حوالے سے بھی کہا گیا تھا کہ اگر برطانیہ نے تہران کے فوجی آلات کی مد میں قرضے ادا کردیے تو برطانوی نژاد نازین ضیغری ریٹ کلف کو بھی رہا کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب برطانوی دفتر خارجہ نے بھی ایرانی ذرائع کی اس رپورٹ کی بھرپور تردید کر دی ہے۔