مودی سرکار پاکستان کی امداد قبول کرکے انسانی جانیں بچانے میں کردار ادا کرے، رکن پارلیمنٹ


بھارتی لوک سبھا کے رکن گرجیت سنگھ اوجلا نے وزیراعظم نریندرمودی کو پاکستان کی پیشکش قبول کرنے کیلئے باقاعدہ خط لکھ دیا۔

تسکین نیوز نے مقامی ذرائع کے حوالےسے خبر دی ہے کہ امرتسر سے کانگریس سے تعلق رکھنے والے رکن بھارتی پارلیمنٹ گرجیت سنگھ اوجلا نے وزیر اعظم نریندرمودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کی پیشکش کو قبول کریں اور واہگہ بارڈر پر آکسیجن کوریڈور قائم کریں۔
گرجیت سنگھ کی جانب سے مودی کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امرتسر اور پنجاب کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کے پیش نظر واہگہ بارڈر پر آکسیجن کوریڈور قائم کی جائے جس سے بھارتی پنجاب کے گوارداسپور، پٹھان کوٹ، بھٹنڈا، جالندھر، تارن تارن اور دیگر اضلاع میں آکسیجن کی فوری فراہمی یقینی ہو جائے گی۔
بھارتی رکن پارلیمنٹ کاکہناتھا کہ اس وقت کہ بھارت کے اسپتالوں میں مائع آکسیجن، ونٹی لیٹرز، بی پاپس، آکسیجینیٹرز اور دیگر متعلقہ سامان کی کمی کا سامنا ہے؛ اس ہنگامی صورتحال میں پڑوسی ممالک نے امداد کی پیشکش کی ہے جسے خوش دلی سے قبول کرنا چاہیے
واضح رہے کہ حکومت پاکستان اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی جانب سے بھارت کو کورونا بحران سے نمٹنے کے لیے امداد کی بھی پیشکش کی گئی ہے۔
بھارتی رکن پارلیمنٹ گرجیت سنگھ نے اپنے خط میں لکھا کہ میں پارلیمنٹ میں امرتسر کی نمائندگی کرتا ہوں جو کہ بین الاقوامی سرحد پر واقع ہے۔ اس کا سب سے قریبی آکسیجن پلانٹ (پانی پت) 350 کلومیٹر دور ہے جبکہ یہ لاہور شہر سے صرف 50 کلومیٹر دوری پر ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ امرتسر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں آکسیجن کی روزانہ کی ضرورت 30 ٹن ہے جبکہ پنجاب کو الاٹ کیا گیا کوٹہ بے حد کم ہے، امرتسر میں موجود آکسیجن کے ذخائر پہلے سے ہی ختم ہو چکے ہیں اور سپلائی بھی قابل اعتبار نہیں ہے۔
گرجیت سنگھ نےلکھا کہ موجودہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ امداد کی تمام پیشکشوں کو قبول کی جائیں اور پاکستان سے آکسیجن کی خریدنے اور وہگہ اٹاری بارڈر سے سپلائی کے لیے تمام انتظامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں موجودہ سیاسی اور سفارتی حالات سے آگاہ ہوں لیکن اس طرح کی وبا کے دوران تمام اقوام کو مل جل کر اس دشمن (وبا) کو شکست دینا چاہیے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نےبھارت میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال انتہائی دلخراش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ہر ممکنہ طور پر مدد کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔