پاکستان کے سیاحتی علاقے دنیا کے مشہورسیاحتی مقامات سے زیادہ پرکشش ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوان کے جنت نظیر سیاحتی مقامات کو ترقی دے کرملکی قرضے واپس کرسکتے ہیں۔
تسکین نیوز نے مقامی ذرائع کے حوالےسے خبر دی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے سیاحتی علاقے دنیا بھر کے مشہور سیاحتی مقامات سے زیادہ پرکشش ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سیاحت پر کسی نے توجہ نہیں دی،مگرموجودہ حکومت کی خصوصی کاوشوں کے باعث ملک میں سیاحت کا شعبہ ترقی کررہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے ملکی معیشت میں انقلاب لایاجاسکتاہے، سیاحت کےشعبے میں ترقی کرلیں تو ملک کے قرضے واپس کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں ساٹھ ارب ڈالر وہ علاقہ کماتا ہے جو ہمارے ناردرن ایریاز سے بھی آدھا ہے۔
انہوں نے سیاحت کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ اللہ نے پاکستان کو کن کن نعمتوں سے نوازا ہے، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بہترین سیاحتی مقامات بن سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال اور حکومتوں کی عدم توجہی کی وجہ سے غیر ملکی سیاح پاکستان سفر کرنےسے گھبراتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرحکومت صرف گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دے تو ملک سالانہ اربوں ڈالر کما کرکے تمام تر غیر ملکی قرضے محض چند سالوں میں ادا کرسکتا ہے۔