حماس حملے نے اسرائیلیوں کو ذہنی تناو میں مبتلا کردیا، تحقیقی رپورٹ

ایک تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد ہر 3 میں سے ایک اسرائیلی ذہنی بیماری میں مبتلا ہوگیا ہے۔
تسکین نیوز نے عالمی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ 7 اکتوبر کو مزاحمتی تنظٰم حماس کے حملے اور اسرائیل کی غزہ میں مسلسل بمباری کے بعد ہر تین میں سے ایک اسرائیلی میں ’پوسٹ ٹرومیٹک اسٹریس ڈس آرڈر‘ (پی ٹی ایس ڈی) نامی ذہنی بیماری کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق اسرائیل اور نیویارک میں انجام دی گئی ہے جس میں ہوشربا انکشافات ہوئے ہیں، اسرائیلی سخت خوف کا شکار ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے خبر دی ہے کہ یہ تحقیق اسرائیل کی اچوا اکیڈمک کالج حیفہ یونیورسٹی اور نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی کے محققین کی جانب سے کی گئی۔
الجزیرہ کی رپورٹ میں اسرائیل کی رپورٹ کا حوالہ دیا گیا کہ تحقیق میں 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے 420 اسرائیلیوں سے غزہ میں حملوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والی جنگ کے بارے میں سروے کیا گیا۔
سروے کے نتائج سے معلوم ہوا کہ 34 فیصد اسرائیلیوں میں پی ٹی ایس ڈی کی علامات تھیں۔
رپورٹ کے مطابق وہ لوگ جو ان حملوں سے براہ راست متاثر ہوئے یا جنہوں نے اپنے کسی قریبی رشتہ دار کو کھو دیا، ان میں سے 50 فیصد سے زائد اسرائیلی پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر کی علامات میں مبتلا ہیں۔
واضح رہے کہ حماس اور مزاحمتی گروہوں کی انتقامی کارروائیوں کے خوف سے ہزاروں اسرائیلی مقبوضہ فلسطین چھوڑ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں، اسرائیلی حملوں میں ہزاروں بے گناہ شہری شہید یا زخمی ہوچکے ہیں اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔