ایران سے 10دنوں میں 24 ہزار افغان تارکین وطن کی واپسی

ایران؛ صوبہ خراسان کے بارڈر گارڈ کمانڈر رضوی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10 دنوں میں 24 ہزار سے زائد افغان مہاجرین اپنے ملک ملک لوٹ چکے ہیں۔
تسکین نیوز نے ایرانی خبررساں ادارے کے حوالےسے خبر دی ہے کہ، صوبہ خراسان رضوی کے سرحدی محافظ کمانڈر “مجید شجاع” کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10 دنوں میں 24 ہزار 884 غیر قانونی افغان تارکین وطن واپس اپنے ملک جا چکے ہیں۔
انہوں نے غیرملکی شہریوں سے کہا کہ سرکاری اور قانونی بنیادوں پر ایران میں داخل ہوجائیں ورنہ فیصلہ کن اقدام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایران میں غیرقانونی طور پر موجود افغان شہریوں کو ملک بدر کیا جارہا ہے۔ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں غیرقانونی طور پرمقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔
رواں سال کے پہلے شش ماہ کے دوران تقریباً 328,000 افغان تارکین وطن جو غیر قانونی طور پر ایران میں موجود تھے، کو خراسان رضوی کی سرحدوں سے افغانستان واپس بھیج دیا گیا ہے۔

نیشنل امیگریشن آرگنائزیشن کے مسئول “جواد خانی” کا کہنا ہے کہ ملک بھرمیں مقیم غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی کا سلسلہ اس سال اگست سے جاری ہے جس کے تحت اب تک 4لاکھ 50 ہزار تارکین وطن رضاکارانہ طور پرایران چھوڑ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بدرکیے جانے والے تمام افراد غیرقانونی طور پرایران میں داخل ہوچکے تھے۔ انہوں نے کہا تمام غیرقانونی تارکین وطن کو واپس اپنے ملک بھیج دیا جائےگا۔
ایرانی نیشنل مائیگریشن آرگنائزیشن کے انچارج نے بتایا کہ جن صوبوں میں سب سے زیادہ غیرملکی رہائش پذیر ہیں ان میں تہران، سیستان و بلوچستان، خراسان رضوی، قم، کرمان، یزد، فارس اور البرز شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں قانونی طورپر40لاکھ افغانی مقیم ہیں۔