عراق؛ تکفیری دہشت گردوں کا ناپاک منصوبہ ناکام

عراق کے مقدس شہرسامرا کے مضافاتی علاقوں میں اربعین امام حسین (ع) سے قبل دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد تکفیری فرار ہوگئے۔
تسکین نیوز: عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ اربعین کے ایام میں تخریب کاری کا منصوبہ بنانے والے تکفیری دہشت گردوں کے ایک گروہ کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے دہشت گرد اربعین حسینی کے اجتماع پر حملہ کرنے کا منصوبہ تیار کرچکے تھے۔
رضاکار فورس الحشد الشعبی کے بیان میں آیا ہے کہ دہشت گرد سامرا کے سید غریب نامی علاقے میں فوجیوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کرچکے تھے۔
تاہم عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرکے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ الحشد الشعبی نے اس واقعے کی فوٹیج بھی جاری کی ہے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے ایک اور کارروائی میں صوبہ نینوا میں واقع عدایہ پہاڑیوں سے بھی داعشی عناصر کا صفایا کردیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اربعین امام حسین (ع) کے موقع پر عراق بھر میں سیکیورٹی کے خاص انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر فوج اور عوامی رضاکار فورس نے مختلف علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ ایک مشترکہ کارروائی کے تحت بغداد کے مضافاتی علاقے الطارمیہ اور اطراف کی شاہراہوں کو محفوظ بنایا جا رہا ہے۔