پیغمبراکرم (ص) آج ہمارے درمیان ہوتے تو فلسطین کے لئے قیام کرتے؛ ڈاکٹرصابرابومریم

ڈاکٹرصابرابومریم کا کہنا ہے کہ آج فلسطین، کشمیر، یمن، شام، لیبیا، عراق و افغانستان سمیت دنیا کے کئی مقامات پر ظالم و جابر صہیونی نظام ظلم و بربریت کر رہا ہے ہمارا یہ اولین فرض بنتا ہے کہ اپنے پیارے نبی پاک (ص) کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے مظلوموں کی حمایت کریں اور ظالموں کے خلاف آواز بلند کریں۔
تسکین نیوز: کراچی فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا ہے کہ اگر آج پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفی (ص) آج ہمارے درمیان ہوتے تو فلسطین کے لئے قیام کرتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ پارلیمنٹ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ “عشق رسول” کانفرنس سے خطاب کیا۔
کانفرنس سے سابق سینیٹر نہال ہاشمی، معروف عالم دین علامہ شبیر میثمی، معروف ٹی وی اینکر نازیہ علی، معروف سماجی رہنما ظفر عباس، یوتھ پارلیمنٹ رہنماؤں وجاہت پہلوانی، محسن واسطی اور دیگر نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات سمیت سماجی تنظیموں کے اہم نمائندے اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ اللہ تعالی نے ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کو بھیجا تا کہ انسانیت کی ہدایت اور رہنمائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ تمام انبیاء علیہم السلام کی سیرت مبارک میں ظالم و جابر قوتوں سے مقابلہ اور مظلوم طبقات کی حمایت کا عنصر مشترک پایا جاتا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ مظلوم کی حمایت کرنا در اصل انبیاء کی سیرت کے عین مطابق ہے۔
ڈاکٹر صابرابو مریم نے کہا کہ ظالم اگر ہمارا بھائی بھی ہو تو ہمیں اس کے خلاف آواز اٹھانا چاہئے اور مظلوم اگر کسی بھی مذہب و رنگ ونسل سے تعلق رکھتا ہو ہمیں اس کی حمایت میں اٹھنا چاہئے اور یہی حقیقت میں انبیاء علیہم السلام کی سیرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفی (ص)ہمارے درمیان ہوتے تو فلسطین سمیت دنیا کے تمام مظلوم اقوام کے لئے قیام کرتے اور ظالم قوتوں کے خلاف جدوجہد کرتے۔
اس موقع پر انہوں نے یوتھ پارلیمنٹ کراچی کے عہدیداروں کو عظیم الشان کانفرنس منعقد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔