چینی وزیر خارجہ کی قطرمیں طالبان سے ملاقات کا امکان

چینی وزیر خارجہ قطر میں طالبان حکومت کے نمائندے سے ملنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
تسکین نیوز نے روئٹرز کے حوالےسے خبر دی ہے کہ چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ وانگ یی 25 اور 26 اکتوبر (آج اور کل) کو قطر میں طالبان کی عبوری حکومت کے ایک وفد سے ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ چین نے طالبان کی مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین افغانستان کی تعمیر نو میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے، تاہم طالبان کو بین الاقوامی خدشات فوری طور پر طور دور کرنا چاہئے۔
خیال رہے کہ چینی نمائندے نے ماسکو مشاورتی اجلاس میں طالبان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا ان کا ملک افغانستان کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کرتا، ہم افغانستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
چینی نمائندے نے مزید زور دیا کہ عالمی برادری کو پچھلے دو ماہ کی پیش رفت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے اس سے قبل افغانستان میں حالیہ پیش رفت کے سلسلے میں کہا تھا کہ طالبان کے خلاف پابندیاں ملکی مسائل کو حل نہیں کریں گی۔