انجمن جمعیت العلما اثناعشریہ کرگل کی جانب سے قندوز بم دھماکے کی شدیدمذمت

انجمن جمعیت العلما اثناعشریہ کرگل(لداخ) نے افغانستان کے صوبے قندوز میں شیعہ مسجد پر دہشت گردانہ وحشیانہ حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کی ہے۔
تسکین نیوز کے مطابق انجمن جمعیت العلما اثناعشریہ کرگل(لداخ) نے افغانستان کے شیعہ مسلمانوں سے بالعموم اور شہدا کے لواحقین سے بالخصوص گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت و تسلیت پیش کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ بدنام زمانہ دہشت گرد تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے؛ تاہم انجمن جمعیت العلما اثنا عشریہ کرگل اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ کابل انتطامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ شیعہ مسلمانوں سمیت تمام مذہبی و قومی اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے؛ ورنہ اس بات کا اندیشہ ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں اس طرح کے مزید حملے ہو سکتے ہیں جسے وہاں کی موجودہ انتظامیہ کی ناکامی کے طور پر دیکھا جا ئے گا اور اس کی ساری ذمہ داری بھی اُنہی پر عائد ہوگی۔
واضح رہے کہ افغانستان کے صوبہ قندوز کے شہر سید آبادمیں گزشتہ روز نماز جمعہ کے دوران یہاں کی سب سے بڑی شیعہ مسجدمیں ایک خود کش دھما کہ ہوا جس میں 100کے قریب نمازی شہید جبکہ 150 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نماز کے دوران تقریباً 300افراد مسجد میں نماز ادا کر رہے تھے۔