بھارت میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز؛ ایدھی فاؤنڈیشن نے مدد کی پیشکش کردی

بھارت میں کرونا وائرس کا قہر جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد کی تعداد میں افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں۔
تسکین نیوز نے مقامی ذرائع کے حوالےسے خبر دی ہے کہ پاکستان ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھا گیا ہے، خط میں فیصل ایدھی نے کہا کہ بھارت میں کرونا کے بڑھتے کیسز اور اموات پر دکھ ہے، ہم کرونا وائرس کے ان حالات میں آپ کی مدد کیلئے تیار ہیں اور انسانیت کے ناطے بھارتی عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز، اسپتالوں میں سہولیات کے فقدان اور آکسیجن کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن نے بھارت کو مشکل وقت میں خیرسگالی کے جذبے کے تحت امداد کی پیشکش کی ہے۔
فیصل ایدھی نے اپنے خط میں بھارتی وزیر اعظم کو کرونا وائرس کے مریضوں کے لئے 50 ایمبولینسز فراہم کرنے کی بھی پیش کش کی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اس وقت کرونا وبا کے باعث بدترین صورتحال سے دوچار ہے، روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کی تعداد میں کرونا کے نئے مریض سامنے آرہے ہیں۔
بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی ریاستوں میں اسپتالوں میں کورونا متاثرین کے لیے جگہ تک نہیں جب کہ کئی اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی سے مریض جان کی بازی ہار رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3 لاکھ32ہزار7سو30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ عالمی وبا کے باعث2ہزار2سو63 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔