سعودی عرب میں احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی، غیرملکی ملک بدر
سعودی عرب میں بھی باقی ممالک کی طرح کرونا وائرس کے پھیلاو میں تیزی آرہی ہے، سعودی پبلک پرایسکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا جان بوجھ کر سبب بننے والوں کو سخت سزا دی جائے گی جبکہ ایسا غیرملکی کرتے پائے گئے تو انہیں ملک سے نکال دیا جائے گا۔
تسکین نیوز نے غیرملکی خبررساں ادارے کے حوالےسے خبر دی ہے کہ سعودی عرب میں پبلک پراسیکیوشن نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مقامات پر جان بوجھ کر وائرس پھیلانے والوں کو سخت سزا ہوگی، انہیں بھاری جرمانہ اور جیل کی ہوا بھی کھانا پڑسکتی ہے۔ ایسے افراد کیلئے 5 سال قید اور 5 لاکھ ریال جرمانے کی سزا مقرر ہے۔
اگر غیرملکی جان بوجھ کر وائرس پھیلانے کی وجہ بن رہے ہوں تو انہیں ملک بدر کردیا جائے گا اور انہیں سعودی عرب میں دوبارہ کبھی واپسی کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ اصولوں کی خلاف ورزی دہرائی گئی تو سزا دگنی کر دی جائے گی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں یہ انتباہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے کہ جب عوام کے نامناسب رویوں کے باعث حکامِ صحت کورونا وائرس کے کیسز میں خطرناک اضافے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں میں روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہورہے ہیں۔