شیعہ ہزارہ برادری کوآج تک انصاف نہیں ملا! علامہ عارف واحدی
شیعہ علما کونسل کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے ھزارہ برادری کے خلاف مسلسل دھشتگردی اور ھزارہ کی حب الوطنی اور ملک کے لئے خدمات پر تفصیل سے بریفنگ دی۔
تسکین نیوز کی رپورٹ کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی طرف سےمچھ کوئٹہ کے مظلوم شہدا کے لئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔اس دردناک سانحے پر ابتدا میں کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور شیعہ علما کونسل کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے ھزارہ برادری کے خلاف مسلسل دھشتگردی اور ھزارہ کی حب الوطنی اور ملک کے لئے خدمات پر تفصیل سے بریفنگ دی اور کہا کہ ان کے خلاف مسلسل دھشتگردی ھو رھی ھے۔
ھزارہ کی نسل کشی کے لئے دھشتگردوں کی کوششیں جاری ھیں سو سو شہدا کے جنازے اکٹھے اٹھائے گئے اب تک دو ھزار سے زیادہ شہید ھو چکے ھیں ھزاروں زخمی اور بے گھر ھو گئے مگر آج تک انھوں نے قانون کو اپنی ھاتھ میں نہ لیا امن و امان کا مسئلہ نہ بنایا ملک کے خلاف کبھی کوئی نعرہ نہیں لگایا بلکہ مشکل ترین حالات میں پاکستان کا سبز ھلالی پرچم انھوں نے بلند رکھا مگر اتنے شہیدوں کے باوجود اور حکمرانوں کے وعدوں کے باوجود ان کا ایک قاتل بھی تختہ دار پر نہیں لٹکایا گیا۔
مچھ میں دھشتگردوں کا جتھہ ان نہتے مزدوروں کو ھاتھ پاؤں باندھ کر ذبح کر کے چلے گئے مگر آج تک کوئی نہیں بتا رھا یہ قاتل کہاں گئے؟حتیٰ حیرت ھے کہ قاتلوں کے خلاف نہ کوئی ٹارگٹڈ آپریشن شروع ھوا اور نہ کوئی عملی کاروائی کی گئی مگر ملی یکجہتی کونسل کی تمام جماعتوں اور راھنماؤں کو خراج تحسین کہ ھر جگہ احتجاج میں شامل ھو کر دھشتگردی کی مذمت کر کے اتحاد امت کے قرآنی تصور کو اجاگر کیا اور فرقہ وارانہ سوچ کو شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ اب بھی ایسے سانحات کے مقابلے میں واحد راستہ اتحاد امت ھے
بعد ازاں جناب لیاقت بلوچ،مفتی گلزار نعیمی،ڈاکٹر محمد نجفی،مولانا سید جعفر نقوی،جناب ثاقب اکبر،جناب ناصر شیرازی،پیر سعید نقشبندی،جناب اقبال خان اور دیگر حضرات نے خطاب کیا-اور شہدا کرام کی بلندی درجات کے لئے دعا کرائی گئی۔